نئی دہلی، 30؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )اڑ ی میں فوج کے ہیڈ کوارٹر میں 12دن پہلے ہوئے دہشت گردانہ حملے میں شدید زخمی ایک اور جوان کی آج موت ہو گئی، جس کے ساتھ ہی حملے میں شہید ہوئے جوانوں کی تعداد بڑھ کر 19تک پہنچ گئی ہے ۔حملے میں زخمی جوان نائک راج کشور سنگھ کا یہاں کے آرمی ریسرچ اینڈ ریفرل اسپتا ل میں علاج کیا جا رہا تھا۔دفاعی ذرائع نے زخمی نوجوانوں کے انتقال کی اطلاع دی ہے ۔سنگھ بہار میں بھوجپور ضلع کی آرہ تحصیل کے پپراتی گاؤں کے رہنے والے تھے۔قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے مسلح دہشت گردوں نے 18ستمبر ؍کو فوج کے ار ی میں واقعہ کیمپ پر حملہ کردیا تھا، جس میں 18جوان شہید ہو گئے تھے۔اڑی حملے کے جواب میں ہندوستانی فوج نے 28اور 29؍ستمبر کی درمیانی شب میں کنٹرول لائن کے پار دہشت گرد گروپوں کے سات ٹھکانوں بر سرجیکل حملہ کردیا تھا۔